ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نقلی دو ہزار کے نوٹوں کاچلن شروع۔۔ عوام کو ہوشیاررہنے کی ضرورت؛ مینگلور کے قریب بنٹوال میں عجیب واقعہ

نقلی دو ہزار کے نوٹوں کاچلن شروع۔۔ عوام کو ہوشیاررہنے کی ضرورت؛ مینگلور کے قریب بنٹوال میں عجیب واقعہ

Wed, 23 Nov 2016 22:01:38    S.O. News Service

مینگلور 23/نومبر (ایس او نیوز)مختلف علاقوں سے روزانہ ایسی خبریں ملنی شروع ہوگئی ہیں کہ دوہزار روپے کی نوٹوں کی رنگین فوٹو کاپی بنا کر اسے بازار میں پھیلایا جارہا ہے۔ اور بھولے بھالے عوام یا چھوٹے موٹے بیوپاری اس کا شکار ہورہے ہیں۔

تازہ واقعہ قریبی تعلقہ بنٹوال میں پیش آیا ہے جہاں ایک شخص پر الزام ہے کہ اس نے نقلی دو ہزار روپے کا نوٹ چلانے کی کوشش کی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق وٹلا پولیس اسٹیشن میں کرشنپا نے شکایت درج کی ہے کہ اس نے موتہوت فائنانس میں سونے کی انگوٹھی گروی رکھ کر دو ہزار روپے لئے۔ پھر اس نے وہ نوٹ دے کرMSILکے آوٹ لیٹ سے شراب کی بوتل خریدی۔ جب وہ اپنے گھر کی طرف جارہا تھا تو شراب کی دکان سے دو لوگ آئے اور اس کا راستہ روک کر اسے بتایا کہ اس نے دکان میں جو نوٹ دیا تھا وہ دو ہزار کی کلر زیراکس کاپی ہے۔ انہوں نے اس سے شراب کی بوتل واپس لی اور نوٹ ا س کو تھما کر چلے گئے۔

کرشنپا کے مطابق وہ سیدھے موتہوت فائنانس کے دفتر پہنچا اور نوٹ دکھایا تو جواب ملا کہ اس طرح کا نوٹ انہوں نے اسے نہیں دیا تھا۔ پھر وہ سنڈیکیٹ بینک پہنچا جہاں سے موتہوت فائنانس کو کرنسی ملتی ہے۔ وہاں پر بھی بینک والوں نے ایسے نوٹ سپلائی کرنے کی بات سے انکار کیا۔اب ایک طرف کرشنپا انگوٹھی گروی رکھنے کے بعد بھی اصلی نوٹ کے بجائے نقلی نوٹ لے کر پریشان ہے تو دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی پوری طرح تحقیقات کررہی ہے۔ان سب کے بیچ عوام کو یہ خوف کھائے جارہا ہے کہ کرنسی کسی بھی طرح حاصل کرنے کی چکر میں نہ جانے کب ان کے ہاتھ میں نقلی نوٹ آجائے اور وہ سر پیٹ لینے کے سوا کچھ بھی نہ کر سکیں۔


Share: